دفتر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ، پاکستان ریلوے لاہور
ڈی سی او گروپ ایس ٹی ایز کی مختلف ٹرینوں میں کامیاب چیکنگ، 91 مسافروں سے 1,12,660 روپے وصول
ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور انعام اللہ کی خصوصی ہدایات پر ڈویژنل کمرشل آفیسر (ڈی سی او) عدنان مروت کی زیر نگرانی گروپ ایس ٹی ایز نے مختلف اہم ٹرینوں میں ٹکٹ چیکنگ کی کارروائیاں کیں۔ یہ کارروائیاں 2 ڈاؤن خیبر میل (پشاور تا کراچی)، 10 ڈاؤن علامہ اقبال ایکسپریس (سیالکوٹ تا کراچی)، 9 اپ علامہ اقبال ایکسپریس (کراچی تا سیالکوٹ)، اور 103 اپ سُبک خرام ایکسپریس (لاہور تا راولپنڈی) میں کی گئیں۔ دورانِ چیکنگ 91 بغیر ٹکٹ یا بے ضابطہ سفر کرنے والے مسافروں سے کرایہ و جرمانہ وصول کیا گیا۔
کارروائی کے نتیجے میں کرایہ کی مد میں 1,00,850 روپے اور جرمانے کی مد میں 11,810 روپے وصول کیے گئے، یوں ریلوے کو مجموعی طور پر 1,12,660 روپے کی آمدن حاصل ہوئی۔ ڈی سی او عدنان مروت نے دورانِ چیکنگ مختلف کوچز کا معائنہ بھی کیا اور مسافروں سے صفائی، وقت کی پابندی، آرام دہ سفر، اور دیگر سہولیات کے بارے میں براہِ راست فیڈبیک حاصل کیا۔ متعدد مسافروں کی شکایات اور تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ انعام اللہ نے کہا کہ بغیر ٹکٹ سفر ریلوے کے ریونیو پر منفی اثر ڈالتا ہے اور اس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے کی آمدن میں اضافے اور عوام کو باعزت، محفوظ و معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایسی مؤثر چیکنگ مہمات مستقبل میں بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔









































