پنجاب اسمبلی میں 5 ہزار 335 ارب روپے کا ٹیکس فری بجٹ پیش، تعلیم، صحت، زراعت پر توجہ مرکوز
وزیر خزانہ نے کہا کہ پنجاب کے وسائل کا درست استعمال کیا جا رہا ہے
وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے پنجاب اسمبلی میں 5 ہزار 335 ارب روپے مالیت کا ٹیکس فری بجٹ برائے مالی سال 26-2025 پیش کردیا۔
بجٹ تقریر میں صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ پنجاب کے وسائل کا درست استعمال کیا جا رہا ہے، عوامی خدمت کا تاریخی پیکیج پیش کر رہے ہیں، معاشی نظم و ضبط کی وجہ سے گورننس بہتر ہورہی ہے، ای ٹینڈرنگ اور گڈ گورننس کی وجہ سے کوئی اسکینڈل نہیں بنا، بجٹ میں صحت،تعلیم اور زراعت پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح بجٹ 26-2025 بھی ٹیکس فری ہے، ماحولیاتی تبدیلی جیسے سنگین مسئلے کے خلاف اقدامات کیے گئے ہیں، آئی ٹی اور صنعتی شہر آباد ہورہے ہیں، بجٹ 26-2025 پنجاب میں ترقی کے نئے ریکارڈ قائم کرے گا اور عوام کو ریلیف ملے گا۔
پنجاب اسمبلی میں بجٹ کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ مریم نواز پنجاب کو غربت اور بے روزگاری سے پاک کر رہی ہیں، نوجوانوں کے لیے ترقی کے راستے کھول دیے، پنجاب میں طلبہ کوبلا تفریق لیپ ٹاپ دیے گئے، پنجاب میں دن رات ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، پنجاب مریم نواز کی قیادت میں ترقی کررہا ہے۔
مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا کہ پنجاب میں مفت ادویات کے لیے خطیر رقم خرچ کی گئی، فوڈ نیوٹریشن پروگرام شروع کیا گیا ہے، سرگودھا میں نوازشریف کاررڈیالوجی انسٹیٹیوٹ بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف فتح پرپوری قوم کو سلام پیش کرتا ہوں، پاک فوج نے تاریخی کامیابی حاصل کی، جنگ کےدوران وزیراعلیٰ نےپنجاب میں قائدانہ کردار ادا کیا، اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کی مذمت کرتے ہیں، ایران پر بلا جواز حملہ قابل مذمت ہے۔
خوشی ہے کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کے بجٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ بڑی خوشی ہے اللَہ کے فضل سے کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا، دوسرا سال ہے پنجاب نے نیا ٹیکس نہیں لگایا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے میں 77 سال کی تاریخ میں سب سے زیادہ رقم محتص کی ہے، تاکہ ہمارے نوجوان جو ملک کا مستقبل ہیں، وہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بن سکیں









































