حیدر آباد: آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے آٹھویں میچ میں سری لنکا کی پاکستان کے خلاف تیسری وکٹ گر گئی۔
سری لنکن اوپنر کوشال پریرا بغیر کوئی رن بنائے حسن علی کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے جبکہ نشانکا شاداب کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان میچ راجیو گاندھی انٹرنیشنل سٹیڈیم حیدرآباد میں کھیلا جارہا ہے۔
راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم حیدرآباد میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم ٹاس جیت جاتے تو پہلے بولنگ کرتے، ہم پچھلے ہفتے سے یہاں ہیں، کنڈیشنز کا اندازہ ہوگیا ہے۔
اس موقع پر سری لنکن کپتان داسن شناکا نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، رجیتھا کی جگہ تھکشانا کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
قومی ٹیم
قومی ٹیم میں آج ایک تبدیلی کی گئی ہے، اوپنر فخر زمان کی جگہ ٹیم میں عبداللہ شفیق کو شامل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ قومی ٹیم میں کپتان بابر اعظم، امام الحق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔
دونوں ٹیموں کا اس ایونٹ میں یہ اپنا اپنا دوسرا میچ ہے، اس میگا ایونٹ میں پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو 81 رنز سے شکست دی تھی جبکہ سری لنکا کو جنوبی افریقا کے ہاتھوں 102 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔









































