دھرم شالا: آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے ساتویں میچ میں انگلینڈ نے بنگلا دیش کو جیت کیلئے 365 رنز کا ہدف دیدیا۔
بھارت کے دھرم شالا سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
انگلینڈ کی اننگز
انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ میلان اور جونی بیرسٹو نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرتے ہوئے بنگلادیش کی باؤلنگ لائن کے آگے رنز کی چٹان ثابت ہوئے لیکن اوپننگ پارٹنر شپ ٹیم کو 115 رنز دینے کے بعد ٹوٹ گئی۔
جونی بیرسٹو 59 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر بنگلا دیشی کپتان شکیب الحسن کا شکار ہو گئے۔
بیرسٹو کے بعد ڈیوڈ میلان اور اور جو روٹ کے درمیان بھی اچھی پارٹنر شپ قائم ہوئی لیکن 38 اوورز میں اوپنر ڈیوڈ میلان 16 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 140 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر مہیدی حسن کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
کپتان جوز بٹلر اور ہیری بروک 20، 20، جو روٹ 82، سیم کرن 11، کرس ووکس 14، عادل راشد 11 اور لیام لیونگسٹون صفر پر پویلین لوٹے۔
بنگلادیش کی جانب سے مہدی حسن نے 4، شوریف اسلام نے 3 جبکہ شکیب الحسن اور تسکین احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آج کے میچ کیلئے دونوں ٹیموں میں ایک ایک تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے، انگلش ٹیم میں معین علی کو بٹھا کر ریس ٹوپلے جبکہ بنگلایش کی ٹیم میں محمد اللہ کو آرام دیتے ہوئے مہدی حسن کوٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کا یہ دوسرا میچ ہے، اس سے قبل انگلینڈ کو اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی جبکہ بنگلا دیش نے اپنا پہلا میچ جیتا تھا۔









































