سابق بھارتی وزیرداخلہ پی چدم برم نے پہلگام حملے پر پاکستان کو کلین چٹ دے دی
انتہا پسند مودی سرکار کو اپنے ہی ملک سے پہلگام حملے پر جواب مل گیا، سابق بھارتی وزیرداخلہ پی چدم برم نے پاکستان کو کلین چٹ دیدی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ میں آپریشن سندور پر بحث سے قبل کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ پی چدمبرم کے ایک انٹرویو میں دیے گئے بیان نے سیاسی ہلچل مچا دی ہے۔
پی چدم برم نے دی کوئنٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ پہلگام حملے میں ملکی سطح کے دہشت گرد بھی ملوث ہو سکتے ہیں، انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت کے پاس کیا ثبوت ہے کہ حملہ آور پاکستان سے آئے تھے؟
انہوں نے سوال اٹھایا کہ ’کیا نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے حملہ آوروں کی شناخت کی؟ وہ کہاں سے آئے؟ ہو سکتا ہے وہ ملک کے اندر سے ہوں، یہ کیوں مان لیا گیا ہے کہ وہ پاکستان سے آئے؟ اس کا کوئی ثبوت تو موجود نہیں‘۔
انہوں نے حکومت پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ وہ آپریشن سندور کے دوران ہونے والے نقصانات کو چھپا رہی ہے۔
چدم برم نے کہاکہ ’جنگ میں دونوں طرف نقصانات ہوتے ہیں، اگر بھارت کو نقصان پہنچا ہے تو اسے تسلیم کریں، چرچل نے بھی دوسری جنگ عظیم میں مسلسل عوام کو صورتِ حال سے آگاہ رکھا‘۔
چدمبرم نے سوال اٹھایا کہ وزیراعظم مودی نے اس اہم معاملے پر پارلیمنٹ میں براہ راست بات کیوں نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ ’وزیراعظم جلسوں میں خطاب کرتے ہیں، مگر پارلیمنٹ جیسے جمہوری ادارے میں خاموش ہیں، آخر حکومت جنگ بندی کے عمل پر بات کرنے سے کیوں گھبرا رہی ہے؟ کیونکہ سچ یہ ہے کہ جنگ بندی کا اعلان بھارت نے نہیں بلکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا تھا‘۔
بی جے پی نے چدمبرم کے بیان کو پاکستان کو کلین چٹ دینے کے مترادف قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کی ہے









































