ایران کے اسرائیل پر یکے بعد دیگرے میزائل حملے، اسرائیل کے زیر قبضہ فلسطینی علاقوں کو نشانہ بنایا
ایران نے اسرائیل پر یکے بعد دیگرے میزائل حملے کردیے جس میں تل ابیب اور حیفہ کو ہدف بنایا گیا ، حملے میں میزائل اور ڈرونز کااستعمال کرتے ہوئے فوجی انٹیلی جنس مراکز کو نشانہ بنایا گیا، حملوں کے باعث حیفہ ریفائنری کی پیداوار مکمل طور پر رک گئی اور 3 ملازمین بھی ہلاک ہوگئے۔
ایران نے دن بھر کی اسرائیلی جارحیت کے بعد چوتھے روز بھی ’آپریشن وعدہ صادق 3‘ کے تحت جوابی کارروائی کرتے ہوئے مقبوضہ علاقوں پر جدید بیلسٹک میزائل داغ دیے جب کہ آج رات اسرائیل میں بڑی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ’آج کی رات کو دن کے نظارے میں بدل دیں گے۔
ایران کی جانب سے تازہ ترین کارروائی تقریباً ایک بجکر 20 منٹ پر کی گئی اور ایران نے مزید کئی میزائل اسرائیل کی طرف داغ دیئے، یہ میزائل مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں داغے گئے ہیں۔
ایرانی جوابی کارروائی کے بعد اسرائیل میں سائرن کی آوازیں بجنا شروع ہوئیں اور متعدد شہروں میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دیں جب کہ اسرائیلی دالحکومت کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایرانی سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے فوج کے ساتھ مل کر اسرائیل پر مشترکہ میزائل اور ڈرون حملہ کیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ کچھ ایرانی میزائل ناکام بنا دیئے گئے ہیں اور اپنے شہریوں کو محفوظ مقام پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسرائیل نے آئل ریفائنریز بند کردیں
ٹائمز آف اسرائیل نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی شہر حیفہ میں بیزان گروپ کے پاور پلانٹ کو بند کردیا گیا ہے، گروپ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رات گئے ایرانی میزائل حملے میں پاور پلانٹ کو شدید نقصان پہنچا۔
بیزان گروپ کا کہنا تھا کہ ایرانی حملے کے نتیجے میں حیفہ بے میں واقع اس کی آئل ریفائنری کی تمام تنصیبات بند کر دی گئی ہیں، رات گئے ایرانی میزائل حملے میں ریفائنری پر 3 افراد ہلاک ہو گئے۔
چین کی اپنے شہریوں کو فوری اسرائیل چھوڑنے کی ہدایت
اسرائیل میں چینی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کو زمینی سرحدوں کے ذریعے فوری انخلا کی ہدایت کردی۔
چین نے اپنے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ سیکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر فوری طور پر ملک چھوڑ دیں کیوں کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان تنازع بڑھتا جا رہا ہے، جس سے سیکیورٹی کی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔
سفارتخانے نے چینی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ہوائی سفر پر انحصار کرنے کے بجائے زمینی راستے سے جلد از جلد ملک سے روانہ ہو جائیں کیونکہ اسرائیلی فضائی حدود بدستور بند ہے۔
ایرانی نیشنل کونسل نے آج اسرائیل پربڑے حملے کا اعلان کیا تھا، ایران کی جانب سے کہا گیا کہ اسرائیلی جارحیت نے ایران کو دفاع کے لیے ضرب لگانے پر مجبور کیا جب کہ اسرائیل پر آج صبح تک میزائل حملے جاری رہیں گے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق میزائل شمالی اسرائیل کے مختلف علاقوں پر گرسکتے ہیں، میزائل حملے کو ناکام بنانے کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے، تاہم شہری اگلی ہدایات تک محفوظ مقامات شیلٹرز میں اور پناہ گاہوں میں چلے جائیں۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ ایران نے چند ہی میزائل داغے ہیں، میڈیکل ٹیمیں تیار ہیں، تاہم اب تک کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
دی ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق ایران کے سرکاری خبررساں ادارے ’ نور نیوز’ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے تبریز کے قریب ایک اسرائیلی ایف-35 اسٹیلتھ لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے۔
اسرائیلی ڈیفنس فورس ( آئی ڈی ایف ) کا کہنا ہے کہ اسے ایسے کسی واقعے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فضائیہ نے ایرانی F-14 ٹام کیٹ طیارے تباہ کرنے کی ویڈیو جاری کی ہے۔
تہران ٹائمز کے مطابق ایران کی قومی سلامتی کی سپریم کونسل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسرائیل میں آج کی ’رات کو دن کے نظارے‘ میں بدل دیں گے۔
ایران کی مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کی سرزمین پر بلا اشتعال اسرائیلی جارحیت نے تہران کو مجبور کر دیا کہ وہ ایرانی قوم اور ملک کی سلامتی کے دفاع کے لیے مجرم صیہونیوں کو جواب دے۔
جوابی کارروائی کے طور پر ’آپریشن وعدہ صادق 3‘ کے تحت ایران نے پیر کی رات فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کی جانب میزائلوں کی بڑی تعداد فائر کر دی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ 3 روز سے ایران کی اسرائیلی حملوں کے جواب میں کی گئی اب تک کی کارروائیوں کے نتیجے میں 24 یہودی شہری ہلاک اور 600 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں








































