امریکی حملوں سے ایرانی جوہری تنصیبات مکمل تباہ نہیں ہوئیں، ابتدائی انٹیلی جنس رپورٹ
امریکی ڈیفنس انٹیلیجنس ایجنسی کے جائزے کے ابتدائی نتائج امریکی صدر کے ان دعوؤں سے مطابقت نہیں رکھتے جن میں انہوں نے کہا تھا، ایرانی جوہری تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کردیا ہے۔
امریکی میڈیا کی جانب سے رپورٹ کیا گیا ہے کہ امریکی حملوں کے نتیجے میں ایران کے جوہری تنصیبات مکمل طور پر تباہ نہیں ہوئے بلکہ تہران کا ایٹمی پروگرام چند ماہ پیچھے چلا گیا۔
امریکی نیوز چینل ’سی این این‘ نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی ڈیفنس انٹیلیجنس ایجنسی کے ابتدائی جائزے کے مطابق امریکی فوج کی جانب سے ایران کی 3 جوہری تنصیبات پر کیے گئے حملے ایران کے جوہری پروگرام کے بنیادی اجزا کو تباہ کرنے میں ناکام رہے، اور ان حملوں کے نتیجے میں یہ پروگرام صرف چند ماہ پیچھے چلا گیا۔
ذرائع کے مطابق یہ جائزہ امریکی محکمہ دفاع کی انٹیلی جنس ایجنسی (ڈی آئی اے) نے تیار کیا ہے اور یہ رپورٹ امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے حملوں کے بعد کیے گئے (جنگی نقصان کے تجزیے) کی بنیاد پر مرتب کی گئی ہے۔









































