بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کے 2 آپریشنز میں فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان میں 2 آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں فتنہ الہند کے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کیا، اسی طرح ایک آپریشن کے دوران ضلع قلات میں فتنہ الہند کے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے بلوچستان میں آپریشنز کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولا بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد فورسز اور عوام پر حملوں میں ملوث تھے، ہلاک دہشتگردوں کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے، دونوں علاقوں میں کلیئرنس کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 6 سے 10 مئی کے دوران پاکستان کے ساتھ جنگ میں شکست کے بعد عالمی سطح پر ہزیمت کا سامنا کرنے والے بھارت نے اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی کو ہوا دینے کی کوشش کی ہے، خصوصاً بلوچستان میں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی ( بی ایل اے) کے دہشتگردوں کو فعال کیا۔
ان سفاک دہشتگردوں نے گزشتہ ماہ خضدار میں اسکول کے بچوں کی بس کو بھی حملے کا نشانہ بنایا، جس میں 7 معصوم طالبات اور ایک طالب علم شہید ہوا تھا، جس کے بعد قومی سیاسی و عسکری قیادت نے دہشتگردوں کیخلاف بے رحمانہ کارروائی کرنے کی منظوری دی تھی۔
گزشتہ ہفتے بلوچستان کے ضلع سوراب میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے سرکاری افسران کی رہائش گاہوں پر حملے کیے تھے، جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت بلیدی شہید ہوگئے تھے، دہشت گردوں نے افسران کی رہائش گاہیں نذر آتش کردیں اور بینک کو بھی لوٹ لیا تھا









































