جنوری کی فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے یونٹ سستی کرنیکی درخواست پر فیصلہ محفوظ
نیپرا نےجنوری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی(سی پی پی اے) کی جانب سے بجلی2 روپے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا، نیپرا ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد فیصلہ اور نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔
جنوری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کےحوالے سےنیپرا ہیڈ کوارٹرمیں عوامی سماعت چئیرمین نیپرا کی زیرصدارت ہوئی۔
سی پی پی اے نے جنوری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 2 روپے فی یونٹ کمی کی درخواست جمع کروائی تھی، دوران سماعت پاور ڈویژن نے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں کمی کی کیٹیگری میں زرعی ٹیوب ویلز اور ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلوصارفین کوشامل کرنے کی استدعا کی۔
پاور ڈویژن حکام نے کہاکہ کل نیپرا اتھارٹی کوخط لکھا، اس معاملے کو دیکھا جائے، ایف سی اے کیٹیگری میں شامل ہونے سے دیگر صارفین پر اثر نہیں پڑے گا، ایف سی اے کی مد میں کمی کا ریلیف تمام صارفین کو ملے گا۔
دوران سماعت سولر صارفین سے 18فیصد سیلز ٹیکس وصولی سے متعلق وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلے کے حوالے سے پاور ڈویژن حکام نے کہاکہ انہیں یہ معاملہ ایف بی آر سے ڈسکس کرنا ہوگا، ایف بی آر سے ڈسکس کرکے اس معاملے پر تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔
سی پی پی اے حکام نے دوران سماعت بتایا کہ جنوری میں ایف سی اے کی مد میں ریفرنس لاگت 11 روپے رہی، جنوری میں 7 ارب 81 کروڑ یونٹ بجلی فروخت ہوئی، صارفین کے لیے ریفرنس لاگت فرق کے باعث 15 ارب سے زائد کا ریلیف بنتا ہے، ونٹر سپورٹ پیکج سے صنعتی شعبے نے 63 فیصد بجلی کا استعمال کیا، پیکیج کے تحت دیگر صارفین کی تعداد 37 فیصد رہی۔
سی پی پی اے حکام نے کہاکہ ریفرنس کی نسبت پیداوار 3 اعشاریہ5 فیصد کم رہی، سالانہ بنیاد پر بجلی کی کھپت میں 2 فیصد کمی ہوئی ہے۔
سی پی پی اےکی جانب سے مسلسل 7 ماہ سے ایف سی اے کی مد میں کمی کی درخواست کی گئی،سی پی پی اے کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کااطلاق کے الیکڑک صارفین پر نہیں ہوگا،جنوری کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق آئندہ ماہ مارچ کے بلوں میں کیے جانے کا امکان ہے۔
اس سےقبل نیپراماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں مسلسل 6 بار بجلی کی قیمت میں کمی کرچکاہے، نیپرا نےدسمبرکی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی ایک روپے 23پیسےفی یونٹ سستی کی تھی، دسمبرکی ایڈجسٹمنٹ کاریلیف بجلی صارفین کو فروری کے بلوں میں دیا گیا تھا








































