کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ اگر ہماری باتوں کو سنجیدہ لیا جائے تو پاکستان نئے دور میں داخل ہوگا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کو بحران سے نکالنے کیلئے سب کو مدد کرنی چاہیے، ہمارا وفد مسلم لیگ (ن) کے پاس گیا تھا اور انہوں نے اس پر ایگری کیا، اگر ہماری باتوں کو سنجیدہ لیا گیا تو پاکستان نئے دور میں داخل ہوگا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر نے مزید کہا ہے کہ گورنر ہمارا ہے اور ہم مانگیں گے کیوں؟، وزارتوں کے حوالے سے گفتگو شروع ہو گی تو دیکھیں گے کہ ہم کیسے پاکستان کی خدمت کر سکتے ہیں، ہم نے 3 نکات مسلم لیگ (ن) کے سامنے رکھے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں حقیقی جمہوریت چاہتے ہیں: خالد مقبول صدیقی
انہوں نے کہا کہ رابطہ کمیٹی نے فوری نوعیت کے تمام فیصلوں کا اختیار ہمیں دیا ہے، ہم 18ویں ترمیم کو رول بیک کرنے کی بات نہیں کر رہے، آئینی ترمیم جمہوریت کو نئی طاقت بخشے گی، پیپلز پارٹی آئینی ترمیم کیلئے تیار ہوئی تو ہم بھی تعاون کریں گے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہماری پیرپگارا سے بات چیت ہوئی ہے انہوں نے کہا میں اور میرا خاندان آج بھی فوج اور پاکستان کیساتھ ہے، میں کوئی بھی ایسا فیصلہ نہیں کروں گا جس سے پاکستان کے استحکام پر کوئی فرق آئے۔









































