کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران دسویں بار زلزلے کے جھٹکے، شدت 2.4 ریکارڈ
کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران دسویں بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کی شدت 2.4 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رات 11 بج کر 16 منٹ پر محسوس کیے جانے والے زلزلے کے جھٹکوں کی گہرائی 10 کلومیٹر کے قریب تھی۔
زلزلے کے جھٹکے لانڈھی، قائدآباد سمیت دیگر علاقوں میں محسوس کیے گئے، کئی گھروں کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں، اور شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے آئندہ 2 روز تک محسوس کیے جا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جس کے بعد قائدآباد، شیرپاؤ کالونی لانڈھی میں لوگوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی تھی۔
شیرپاؤ اسپورٹس کمپلیکس کو رات گئے عوام کے لیے کھول دیا گیا تھا، جہاں خواتین اور بچوں سمیت علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی تھی، اور کئی گھنٹے تک اسپورٹس کمپلیکس میں وقت گزارا۔
بعض علاقوں میں رات گئے دعائیہ تقاریب اور مساجد میں خصوصی عبادات کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
لانڈھی اندسٹریل ایریا، قائدآباد میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جانے کے بعد مختلف فیکٹریوں سے مزدوروں کو باہر نکال دیا گیا تھا








































