پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ حب الوطنی کی بدولت یک دل اور یک جان ہیں، ترجمان پاک فوج
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پوری قوم بلا کسی مذہبی امتیاز کے ہر مشکل اور ہر دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی صورت کھڑی ہو کر فتح یاب ہوتی ہے، پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ حب الوطنی کی بدولت یک دل اور یک جان ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے ساتھ لاہور میں مختلف مذاہب کے نمائندوں اور نوجوانوں کی خصوصی نشست ہوئی ہے، شرکا نے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے آپریشن بنیان مرصوص میں پاک افواج کی کامیابی کو پوری قوم کی اجتماعی کامیابی قرار دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دشمن کو قومی یکجہتی اور اتحاد کی وجہ سے اپنے مذموم مقاصد میں ہمیشہ مایوسی کا سامنا ہوگا، وطن عزیز کے روشن مستقبل کے لیے نوجوانوں کا کردار سب سے اہم ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پوری قوم بلا کسی مذہبی امتیاز کے ہر مشکل اور ہر دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی صورت کھڑی ہو کر فتح یاب ہوتی ہے، پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ تاریخ ، قومی نصب العین اور حب الوطنی کی بدولت یک دل اور یک جان ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاكستان ایک امن اور ترقی پسند ملک ہے اور بین المذاہب ہم آہنگی قومی طاقت کی اساس ہے، دشمن کو قومی یکجہتی اور اتحاد کی وجہ سے اپنے مذموم مقاصد میں ہمیشہ مایوسی کا سامنا ہو گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ وطن عزیز کے روشن مستقبل کے لیے نوجوانوں کا کردار سب سے اہم ہے، طلبہ و طالبات نے آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی فتح پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا









































