پورٹ مورسبی: (ویب ڈیسک) پاپوانیوگنی میں قبائلیوں کے درمیان خونریز تصادم کے نتیجے میں 60 سے زائد افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق قبائلی تصادم پاپوانیوگنی کے دور افتادہ ریجن ہوم لینڈز کے صوبے انگا کے ضلع وپینمانڈا میں پیش آیا، تصادم 17 قبائل کے درمیان ہو رہا ہے جسے روکنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے۔
مقامی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہوم لینڈز کئی برسوں سے تصادم کی لپیٹ میں ہے لیکن غیرقانونی اسلحے کی موجودگی نے تصادم کو مزید ہوا دی ہے، یہ اب تک انگا یا شاید ہوم لینڈز میں ہونے والے سب سے خوفناک قبائلی تصادم ہیں، ہم سب اس پر بہت زیادہ تباہ حال اور ذہنی تناؤ کا شکار ہیں۔
واضح رہے کہ انگا میں زیادہ تر قبائلی تصادم کی وجہ زمین اور دولت کی تقسیم ہے، گزشتہ برس جولائی میں پولیس نے قبائلی تصادم کے پیش نظر 3 ماہ کا لاک ڈاؤن لگاتے ہوئے سفری پابندیاں عائد کر دی تھیں، تصادم نے گزشتہ برس اگست میں اس وقت عالمی سطح پر توجہ حاصل کی جب تصادم کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔









































