وزیرِ اعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے 4 روزہ سرکاری دورے کے لیے روانہ ہوگئے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم 19 سے 22 مارچ 2025 تک سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے۔
وزیرِ اعظم کے دورہِ سعودی عرب کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا، اقتصادی تعاون کو بڑھانا اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
شہباز شریف کے ہمراہ وفد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحٰق ڈار سمیت اہم وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام شامل ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم کی سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان آل سعود سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ ملاقات میں دونوں رہنما تجارت کو فروغ دینے، کلیدی شعبوں میں شراکت داری کو بڑھانے اور وسیع تر اقتصادی تعاون کو آسان بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
دونوں رہنماؤں کی گفتگو میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول عالمی اور علاقائی حالات بالخصوص غزہ اور مشرق وسطی کی ابھرتی ہوئی صورتحال کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ سے متعلق مسائل ایجنڈے میں سرفہرست ہوں گے۔
وزیراعظم کا دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتا ہے اور دونوں ممالک کے مابین باہمی افہام و تفہیم میں اضافے، تجارت، سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے اور دوطرفہ، علاقائی اور عالمی معاملات پر سفارتی روابط کے مزید فروغ کی راہ ہموار کرے گا۔







































