منگولیا: (ویب ڈیسک) منگولیا میں شدید سردی کے باعث رواں سال تقریباً 20 لاکھ سے زائد جانور ہلاک ہو گئے ہیں، ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ منگولیا میں رواں برس سردی کی شدت اور برفباری کے طویل ہوتے سلسلے نے تباہی کے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، دسمبر سے مارچ تک منگولیا کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت منفی 50 ڈگری تک پہنچ گیا۔
منگولین وزارت زراعت کا کہنا ہے کہ شدید سردی اور برفباری میں رواں سال 20 لاکھ سے زائد جانور بیمار ہونے، بھوک اور تھکن کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر بھیڑ، بکریاں، گھوڑے اور گائے شامل ہیں، موسم سرما کے اس سیزن کا اختتام مارچ میں ہوگا اور تب تک ہلاک جانوروں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
یاد رہے کہ منگولیا میں انتہائی سرد موسم اور خراب موسم کے باعث ہونے والے ڈیزاسٹر کو “dzud” کہا جاتا ہے جس میں عام طور پر بڑی تعداد میں مویشی ہلاک ہو جاتے ہیں، گزشتہ “dzud” میں بھی 44 لاکھوں مویشی ہلاک ہوئے تھے۔
منگولیا نے گزشتہ ایک دہائی میں چھ “dzud” کا سامنا کیا، رواں برس “dzud” کی شدت میں موسم گرما کی خشک سالی کی وجہ سے اضافہ ہوا جس میں جانوروں کو سخت سردی سے نمٹنے کیلئے جسم میں چربی جمع رکھنے کیلئے خوراک نہیں مل سکی تھی۔









































