زرمبادلہ ذخائر بہتر، درآمدات میں کمی، کرنٹ اکاؤنٹ 70 لاکھ ڈالر سرپلس رہا، گورنر اسٹیٹ بینک
جمیل احمد نے کہا کہ 11 ہزار تاخیر کی شکار درآمدات سے متعلق لیٹر آف کریڈٹ (ایل سی) کے مسائل کو حل کیا جاچکا ہے
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہیں، مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے، درآمدات میں کمی لائی گئی ہے، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس رہا ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں فنانشل لٹریسی بینکنگ اینڈ فنانس سے متعلق گونگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فنانشل لٹریسی کوفروغ دینے کے لیے اس طرز کے پروگراموں کا انعقاد خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2022 میں مہنگائی کا مسئلہ در پیش تھا، مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے، مانیٹری پالیسی کمیٹی کی توقع کے مطابق مہنگائی کی شرح میں کمی ہوئی ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ہمیں کارپوریٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر کام کرنا ہو گا، ایکسچینج ریٹ مارکیٹ ویلیو کے اعتبار سے کم ہو رہا ہے، ہم نے سخت فیصلے کیے ہیں درآمدات کو کافی حد تک کم کیا ہے۔
جمیل احمد نے کہا کہ 11 ہزار تاخیر کی شکار درآمدات سے متعلق لیٹر آف کریڈٹ (ایل سی) کے مسائل کو حل کیا جاچکا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہوتا دیکھا گیا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ اس سال 7 ملین ڈالر (70 لاکھ ڈالر) سرپلس رہا ہے







































