بھارت نے پھر کھلی جارحیت کی، تمام 12 ڈرونز گرادیے، ایک شہری شہید، 4 جوان زخمی ہوئے، ترجمان پاک فوج
پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ 7 اور 8 مئی کی درمیانی شب بھارت نے ایک مرتبہ پھر کھلی جارحیت کی ہے، پاکستان کی مسلح افواج نے تمام 12 ہیرپ ڈرونز گرادیے، لاہور میں ڈرون حملے میں پاک فوج کے 4 جوان زخمی جبکہ میانو میں ایک شہری شہید اور ایک زخمی ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ بھارت نے گزشتہ رات ایک بار پھر کھلی جارحیت کرتے ہوئے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے، مختلف شہروں میں بھارت کی جانب سے بھیجے گئے تمام12ہیرپ ڈرونز مار گرادیے گئے ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ لاہور ، گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، میانو، چھور اور کراچی کے قریب بھارتی ڈرون گرائے گئے ہیں جن کا ملبہ ابھی بھی جمع کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ افسوس کہ لاہور میں ایک ڈرون فوجی تنصیب کو نشانہ بنانے میں کامیاب ہوگیا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 4 فرد زخمی ہوگئے جبکہ آلات کو جزوی نقصان پہنچا ہے








































