بلوچستان: دہشتگردوں کی فائرنگ، پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور 2 لیویز اہلکار شہید
گزشتہ سال بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں ڈنڈا بردار افراد نے پولیو ٹیم پرحملہ کیا تھا
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دہشتگردوں نے انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 2 لیویز اہلکار شہید ہوگئے۔
اسسٹنٹ کمشنر مستونگ اکرم حریفال نے بتایا کہ افسوس ناک واقعہ مستونگ کے علاقے کلی تیری میں پیش آیا، جہاں انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دینے والے لیویز اہلکاروں پر حملہ کیا گیا۔
فائرنگ کے نتیجے میں نیک محمد نامی لیویز اہلکار موقع پر جاں بحق ہوا، جب کہ مقصود احمد نامی لیویز اہلکار کو زخمی حالت میں نواب غوث بخش میموریل ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا، تاہم وہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر مستونگ اکرم حریفال نے کہا کہ واقعے کے اطلاع ملتے ہی نفری کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچ گیا تھا، جب کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اہلکار پہلے ہی وقوعہ پر موجود تھے، اور شوائد اکھٹے کر رہے تھے۔
انہوں نے کہاکہ افسوس ناک واقعے کے بعد نواب غوث بخش میموریل ہسپتال مستونگ اور سول ہسپتال مستونگ کے ساتھ ساتھ ضلع مستونگ میں انسداد پولیو مہم میں مصروف ٹیموں کی حفاظت کے لیے نفری بڑھا دی گئی ہے۔
کلی تیری میں افسوسناک واقعے کے بعد کچھ وقت کے لیے انسداد پولیو مہم معطل رہی، تاہم سیکورٹی فراہم کرنے کے بعد انسداد پولیو مہم مذکورہ یونین کونسل میں دوبارہ شروع کردی گئی ہے







































