بلوچستان: دکی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، مزدوروں، فورسز پر حملوں میں ملوث 5 دہشتگرد ہلاک
دہشتگرد مزدوروں، فورسز اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے، لاشیں ضروری کارروائی کے بعد کوئٹہ روانہ کردی گئیں
بلوچستان کے علاقے دکی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے مزدوروں اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ دکی کے علاقے ڈبر پہاڑی کے مقام پر کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔
مارے گئے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا، جو دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے۔
دہشت گرد کوئٹہ میں کان کے مزدوروں، فورسز اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے، مرنے والوں کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد کوئٹہ روانہ کردی گئیں۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2024 میں بلوچستان کے علاقے دکی میں کوئلے کی کان پر مسلح افراد کے حملے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ دکی تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) ہمایوں خان نے بتایا تھا کہ مسلح افراد کے ایک گروپ نے رات گئے دکی کے علاقے میں کان پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا تھا۔
دکی کے ڈاکٹر جوہر خان شادیزئی نے بتایا تھاا کہ تک ضلعی ہسپتال میں 20 لاشیں اور 6 زخمی افراد کو منتقل کیا گیا تھا۔
چیئرمین ضلع کونسل دکی خیر اللہ ناصر نے ’ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی‘ کو بتایا تھا کہ شرپسندوں نے کول کمپنی کے دفتر پر گرینیڈ اور راکٹ لانچرز سے حملہ کیا اور سائٹ پر موجود مشینری کو آگ بھی لگا دی تھی۔
ڈپٹی کمشنر دکی کلیم اللہ کاکڑ اور اسسٹنٹ کمشنر نے جائے وقوع کا دورہ کیا تھا، جہاں ایف سی کمانڈنٹ اور دکی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بھی موجود تھے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے بتایا تھاکہ متوفیوں کا تعلق پاکستان کے مختلف علاقوں کے علاوہ افغانستان سے ہے







































