اسرائیل کے ہسپتال اور فائر اسٹیشن پر حملے، ایک تہائی میزائل لانچرز تباہ کرنے کا دعویٰ
اسرائیلی حملے کے بعد شاہران آئل ڈپو میں دوسرے روز بھی آگ لگی ہوئی ہے
اسرائیل کی جانب سے ایران میں عوامی املاک کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے، پیر اسرائیل کےتازہ حملوں میں کرمانشاہ میں ہسپتال اور الام میں فائر اسٹیشن کو شدید نقصان پہنچا ہے، اسرائیل نے ایران کے ایک تہائی میزائل لانچرز تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ صہیونی وزیر دفاع اسرائیل کارٹز نے دھمکی دی ہے کہ تہران کے شہری میزائل حملوں کی قیمت چکائیں گے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ پیر کو ملک کے مغربی حصے میں واقع ایک اسپتال کو اسرائیلی حملے کے نتیجے میں شدید نقصان پہنچا ہے۔
تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’مجرم صہیونی حکومت کی جانب سے کرمانشاہ شہر میں ایک قریبی ورکشاپ پر حملے کے بعد فارابی ہسپتال کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
فارس نیوز ایجنسی نے اسپتال کی ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے، جس میں ٹوٹے ہوئے شیشے، منہدم چھتیں اور مریضوں کے کمروں میں وسیع پیمانے پر تباہی دیکھی جا سکتی ہے۔
ایم کیو 9 سمیت اسرائیل کے جدید 8 ڈرون تباہ
تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق صیہونی حکومت نے مغربی صوبہ ایلام کے شہر موسیان میں میونسپلٹی کی فائر بریگیڈ کی عمارت پر سفاکانہ حملہ کیا ہے۔
ایجنسی نے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے، جس میں حملے کے مقام سے دھواں اٹھتا ہوا دکھایا گیا ہے۔
تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی فوج نے مغربی ایران میں ایم کیو 9 ڈرون سمیت اسرائیل کے 8 جدید ڈرون تبادہ کردیے ہیں۔
اسرائیل کا ایران کے ایک تہائی میزائل لانچر تباہ کرنے کا دعویٰ
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج نے پیر کو دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کے زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل لانچرز میں سے ایک تہائی کو تباہ کر دیا ہے۔
فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ایفی ڈفرین نے ایک نشریاتی بیان میں کہا کہ ’پچاس سے زائد لڑاکا طیاروں اور ہوائی جہازوں نے کارروائیاں کیں اور زمین سے زمین تک مار کرنے والے 120 سے زائد میزائل لانچرز کو تباہ کیا، یہ ایرانی حکومت کے پاس موجود ایسے لانچرز کی کل تعداد کا تقریباً ایک تہائی ہے۔
’تہران کے شہری ایرانی میزائل حملوں کی قیمت چکائیں گے‘
ادھر اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دھمکی دی ہے کہ تہران کے شہری ایرانی میزائل حملوں کی قیمت چکائیں گے، ان حملوں نے اسرائیل کے رہائشی علاقوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جن میں کم از کم 21 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیل کاٹز نے کہا کہ ’تہران کا متکبر آمر ایک خوفزدہ قاتل بن چکا ہے، جو اسرائیل کے شہری علاقوں پر حملے کر کے اسرائیلی فوج کو اپنی صلاحیتیں تباہ کرنے سے روکنے کی کوشش کر رہا ہے‘، ان کا اشارہ بظاہر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی طرف تھا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ’تہران کے شہری بہت جلد قیمت چکائیں گے‘،یہ بیان ایرانی شہریوں کو براہ راست نشانہ بنانے کی کھلی دھمکی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے









































