مظفرآباد:وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان سے برطانیہ کے شیڈو منسٹر برائے امیگریشن افضل خان نے اتوار کے روز ایوان وزیر اعظم میں ملاقات کی ۔
اس موقع پر وزیر اعظم آزادکشمیر نے افضل خان اور ان کی لیبر پارٹی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم راجہ محمد فارو ق حیدرخان نے کہاکہ ہندوستان میں انتہاء پسندوں کی حکومت ہے جو ریاستی دہشتگردی کرتے ہوئے کشمیریوں کا قتل عام کررہی ہے ،
چودہ ہزار سے زائد بچوں کو جیلو ں میں ڈال دیا گیا ہے، عورتوں کی بے حرمتی کی جارہی ہے ، معصوم بچوں پر تشدد کیا جارہاہے ، نوجوانوں کو پیلٹ گن سے اندھا کیا جارہا ہے ۔
مقبوضہ کشمیراس وقت عقوبت خانے میں تبدیل ہو چکا ہے جس میں نومولود بچوں سے لیکر ضیعف العمر بزرگ ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت اس وقت سسک رہی ہے اور ہندوستان جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ برطانیہ میں مقیم ایک ملین سے زیادہ کشمیری آباد ہیں انہو ں نے اور وہاں کے مقامی لوگوں نے جس طرح کشمیریوں سے بے مثال یکجہتی کی اور ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر آواز اٹھائی اس پر ان کے شکرگزار ہیں ۔
وزیر اعظم نے کہاکہ افضل خان برطانیہ میں کشمیریوں کے سفیر اور برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر کی توانا آواز ہیں ۔ راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاکہ آزادکشمیر کے لوگ مقبوضہ کشمیر کے حالات کی وجہ بے چین ہیں ۔80لاکھ لوگ دو مہینے سے محصور ہیں ۔ ہندوستان نے ان پر زندگی تنگ کر دی ہے ۔
مقبوضہ کشمیر کی صورتحال دن بدن تشویشناک ہو تی جارہی ہے ۔ انٹرنیشنل کمیونٹی اس پر نوٹس لے اور لائحہ عمل اختیار کرے ۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان دو طرفہ مسئلہ نہیں ، یہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے جس کو اقوا م متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کے ذریعے حل ہونا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کا مسئلہ انسانیت کا مسئلہ ہے ۔ بین الاقوامی طاقتیں اس کے مستقل حل کیلئے اقدامات اٹھائیں اس سے قبل کہ دیر ہوجائے ۔










































