مظفرآباد/روالپنڈی: آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے کہا کہ آٹھ اکتوبر کے زلزلے نے ہمیں بطور قوم بتایا تھا کہ آفات کا مقابلہ جرات کے ساتھ کیا جاتا ہے ۔
شہدائے زلزلہ کی چودھویں برسی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ 8اکتوبر ایک بڑی آزمائش تھی جس میں قوم سرخرو ہوکر نکلی۔ ملک بھر کے عوام نے متاثرین کی تن من دھن سے مدد کر کے مصیبت کا مقابلہ کیا۔ شہداء کی قربانی نے متاثرین کو ہمت اورحوصلہ دیا ۔
انہوں نے کہا کہ آج میرپور ،جاتلاں، کھڑی میں آنے والے زلزلے کا مقابلہ بھی اسی جوش وجذبے سے کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعمیرات میں حفاظتی تدابیر اپنائے رکھنا آج بھی بہت ضروری ہے ۔
8اکتوبر کو زیادہ نقصان کی وجہ ناقص تعمیرات تھی ۔ اگر تعمیرات میں اچھے میٹریل اور منصوبہ بندی کا خیال رکھا جائے تو زیادہ نقصان سے بچا جاسکتا ہے ۔
انہوں نے انسان کو آزمائش کے لیے ہر وقت ذہنی اور عملی طورپر تیار رہنا چاہیے۔ سردار عتیق احمدخان نے کہا کہ شہدائے زلزلہ کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہتر طریقہ یہ ہے کہ احتیاطی اور حفاظتی تدابیر کا خیال رکھا جائے ۔حکومتوں کو بھی اس بات کو یقینی بنانا چاہیے۔










































