بہاولنگر: جعلی پیر کی 14 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی، مقدمہ درج
بہاولنگر میں جعلی پیر نے مبینہ طور پر 14 سالہ لڑکی کا ریپ کردیا، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا تاہم ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔
تھانہ صدر ہارون آباد کی حدود میں جعلی پیر نے 14 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کی، پولیس نے متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق باپ نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کی غیر موجودگی میں جعلی پیر دم کرنے کے بہانےگھر آیا اور بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ایف آئی آر کے مطابق لڑکی کی طبیعت بگڑنے پر ملزم اسے اپنے گھر لے گیا اور رات بھر اس کا ریپ کرتا رہا۔
متاثرہ لڑکی کے مطابق میڈیکل رپورٹ آنے کے باوجود پولیس نے ملزم کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا ہے، لڑکی نے اعلیٰ حکام سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے کا دعویٰ کیا ہے







































