لاہور: گھر کا کام ٹھیک نہ کرنے پر مالکان کا تشدد، 10 سالہ ملازمہ جاں بحق
والدین کے مطابق انہوں نے اپنے رشتہ دار کو بھیجا، جس نے دیکھا دونوں میاں بیوی بچی پر تشدد کر رہے تھے
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں گھریلو ملازمہ پر مبینہ تشدد کے بعد ہلاکت کا ایک اور افسوسناک واقعہ رپورٹ ہوا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ لاہور کے علاقے ہنجروال میں مالکن کے مبینہ تشدد سے 10 سالہ گھریلو ملازمہ سونیا جاں بحق ہوگئی، مقتولہ کے والدین نے الزام عائد کیا کہ نوشین فرخ اور فرخ بٹ نے 10 سالہ گھریلو ملازمہ پرتشدد کیا، تشدد کے بعد گھریلو ملازمہ کو مالکان ہسپتال نہیں لیکر گئے۔
والدین کی جانب سے درج کروائی گئی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں کہا گیا کہ ملزمان نےاہل خانہ کو فون پر بتایا کہ بچی کے بازو پر معمولی چوٹ آئی ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ بچی کے والدین نے اپنے ایک رشتہ دار کو مالکن نوشین کے گھر بھجوایا، رشتہ دار نے مالکن اور اس کے خاوند کو بچی پر ڈنڈوں کیساتھ تشدد کرتے دیکھا، جب ہم عارف والا سے لاہور پہنچے تو بچی مردہ حالت میں پڑی تھی۔
مرنے والی بچی کی والدہ رابعہ نے کہا کہ گھر میں کام ٹھیک نہ کرنے پر میری بچی کو مالکن نوشین اور خاوند فرخ بٹ نے ناحق قتل کیا۔
انہوں نے کہا کہ میری بچی کو تشدد کرنے کے بعد ہسپتال نہیں لیکر گئے، جس سے اس کی موت واقع ہوگئی، اعلیٰ پولیس افسران مجھے انصاف فراہم کریں۔
پولیس نے مالکن نوشین اور خاوند فرخ بٹ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا، بچی کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئی، جب کہ مقدمہ تفتیشی پولیس کو منتقل کر دیا گیا







































