شیخ وقاص نے افغان مجاہدین کو اسلحہ سپلائی کرکے کیریئر کا آغاز کیا، فواد چوہدری
فواد چوہدری نے کہا کہ سلمان اکرم راجا نے نواز شریف سے کروڑوں روپے فیس لی، پانامہ سے لےکر حدیبیہ تک معاون اور پارٹنر رہے۔
سینئر سیاست دان بیرسٹر فواد چوہدری نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے پوری پختونخوا حکومت بیچ دی، بانی کو بتایا گیا کہ ملائیشیا میں اربوں روپے کی پیمنٹ کی، مصدق عباسی معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر پیغام میں الزام عائد کیا کہ سلمان راجا، شیخ وقاص اور رؤف حسن جعلی اکاؤنٹس چلوا رہے ہیں، جنہوں نے عمران خان اور پارٹی کو شدید نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ شیخ وقاص اکرم نے افغان مجاہدین کو اسلحہ سپلائی کرنے کے دھندے سے کیریئر کا آغاز کیا، شیخ وقاص نے پرویز مشرف، پرویزالٰہی، فریال تالپور، حمزہ شہباز سے پیسے بٹورے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ شیخ وقاص اکرم اب تحریک انصاف کی فنڈنگ، صوبائی بجٹ پر عیش کر رہے ہیں، فراڈ کا اندازہ لگائیں، کہ پی ٹی آئی میں سیکریٹری جنرل منتخب عہدہ ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سلمان راجا خود کو سیکریٹری جنرل کہہ کر فنڈ لے رہے ہیں، سلمان اکرم نے نواز شریف سے کروڑوں روپے فیس لی، سلمان اکرم راجا پانامہ سے لےکر حدیبیہ تک ہر گندے کام میں معاون اور پارٹنر رہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیٹیکل کمیٹی کےتیسرے رکن رؤف حسن ہیں، جو ساری عمر تنخواہ دار ایجنٹ رہے ہیں، رؤف حسن نے 5 کروڑ سے زائد رقم پی ٹی آئی سے تنخواہ کے طور پر وصول کرلی، آخر انقلاب مفت تو نہیں آتا؟۔
فواد پارٹی کا حصہ نہیں، سیاسی کمیٹی پی ٹی آئی
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی کا فواد چوہدری کے بیان پر رد عمل سامنے آگیا، سیاسی کمیٹی نے کہا کہ فواد چوہدری نے شعیب شاہین کو نہیں پوری تحریک انصاف کے منہ پر تھپڑ مارا ہے۔
پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے شعیب شاہین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری کاحملہ ایک مجرمانہ اقدام ہے، اور ماضی میں بھی ایسےکئی واقعات فوادچوہدری سےمنسوب ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی شوکت یوسف زئی نے دوٹوک الفاظ میں واضح کردیا کہ ابھی تک فواد چوہدری پی ٹی آئی میں شامل نہیں، پی ٹی آئی میں اختلافات نہیں ہیں، پارٹی میں کسی کے آنے یا ناراض ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا







































