پاکستان اور ترکیہ کی جامعات میں تعلیمی و تحقیقی تعاون بڑھانے پر اتفاق
ترک صدر کے دورہ پاکستان کے دوران چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر مختار اور پروفیسر ایرول اوزوار نے بھی ملاقات کی
چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پروفیسر مختار احمد اور کونسل آف ہائر ایجوکیشن ترکیہ کے صدر پروفیسر ایرول اوزوار نے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے مابین تعلیمی اور تحقیقی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
فریقین نے برادر ممالک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے روڈ میپ تیار کرنے پر اتفاق کیا۔
ایچ ای سی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ممکنہ تعاون کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا، جن میں تعلیمی اور تحقیقی تبادلے کے اقدامات، قیادت کی ترقی اور تعلیمی ماحول میں پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے کمیونٹی پر مرکوز منصوبے شامل ہیں۔
فریقین نے دونوں اطراف کی یونیورسٹیوں میں فیکلٹی اور طلبا کی نقل و حرکت کو آسان بنانے، تعلیمی اور تحقیقی تعاون کو بڑھانے کے لیے یونیورسٹیوں کا ایک کنسورشیم تیار کرنے اور پاکستان اور ترکی میں ابھرتے ہوئے مسائل پر مشترکہ تحقیقی پروگراموں کے لیے فریم ورک تیار کرنے جیسے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا







































