پاکستانی نوجوان کی محبت میں کراچی پہنچنے والی خاتون کا امریکا واپسی سے انکار
پاکستانی نوجوان کی محبت میں کراچی پہنچنے والی خاتون نے امریکا واپسی سے انکار کردیا، محبت میں ناکامی پر مایوس خاتون نے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامہ آرائی کی، خاتون کو جہاز میں سوار کرانے کی تگ و دو میں پرواز 36 منٹ تاخیر کا شکار ہوگئی۔
19 سالہ پاکستانی نوجوان کی محبت میں کراچی پہنچنے والی 33 سالہ خاتون اونیجا اینڈریو رابنس نے امریکا واپسی سے انکار کردیا، خاتون نے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامہ آرائی کی اور جہاز میں سوار ہونے سے انکار کردیا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق خاتون نے پہلے امیگریشن کرانے سے انکار کیا اور پھر ڈیپارچر لاونج میں جہاز میں سوار نہیں ہوئی اور بہانے کرکے کراچی ائیرپورٹ پر امریکا واپسی سے کتراتی رہی۔
پولیس اور ایئرپورٹ سیکورٹی نے خاتون کو حفاظتی تحویل میں ڈیپارچر لاؤنج تک پہنچایا، ایئرلائن ذرائع کے مطابق خاتون کو زبردستی جہاز میں سوار کرانے کی تگ و دو کے باعث پرواز 36 منٹ تاخیر کا شکار ہوئی، سیکورٹی ایس او پیز کی وجہ سے مسافر کو زبردستی پرواز میں سوار نہیں کرایا جاسکتا۔
واضح رہے کہ 2 بچوں کی امریکی ماں 33 سالہ اونیجا اینڈریو رابنس کو گارڈن کراچی کے 19 سالہ ندال میمن سے محبت ہوگئی تھی، سوشل میڈیا پر محبت میں مبتلا خاتون 11 اکتوبر کو کراچی پہنچی تھی، 19 سالہ ندال میمن راضی تھا تاہم اس کے گھر والوں نے امریکی خاتون سے بیٹے کی شادی کرانے سے انکار کر دیا۔
امریکی خاتون کئی ماہ کراچی میں دربدر رہی، اس کے ویزے کی میعاد ختم ہوگئی تھی اور واپسی کا ٹکٹ بھی نہیں تھا، پولیس ذرائع کے مطابق اے ایس ایف نے خاتون کو زبردستی کراچی میں داخل ہونے سے روک کر ایئرپورٹ پولیس کے حوالے کردیا تھا۔
کراچی کی ایک این جی او نے خاتون کی امریکا واپسی کا بندوبست کیا، اسے ٹکٹ مہیا کیا اور مالی مدد بھی کی تھی۔
ذرائع کے مطابق امریکی خاتون کو سردی اور فلو کی وجہ سے ایئرپورٹ کے ایمرجنسی کلینک میں بھی داخل کیا گیا تھا، محبت میں ناکامی پر دلبرداشتہ خاتون نے پرواز کیو آر 611 سے براستہ دوحہ نیویارک جانا تھا









































