لاہور: لاہور ، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں ۔
لاہور سمیت پنجاب ، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں ، زلزلے کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اوروہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہرنکل آئے۔
زلزلے کے جھٹکے کمالیہ، خانیوال، بھلوال، چنیوٹ، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گجرات، سرگودھا اور جھنگ میں محسوس کیے گئے، ساہیوال، چیچہ وطنی، پھولنگر، میانوالی، تلہ گنگ، چکوال، جہانیاں، ظفروال، بھیرہ، خوشاب اور میاں چنوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
زلزلے کے جھٹکے دوپہر بارہ بجکر 30منٹ پر محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.7 جبکہ گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز ڈیرہ غازی خان کے علاقے شادی والا تھا۔
زلزلے سے تاحال کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں ۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل سوات سمیت خیبرپختونخوا کے کچھ اضلاع میں 4.5 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے دوپہر ایک بجکر 20منٹ پر محسوس کیے گئے اور ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 4.5 محسوس کی گئی تھی۔









































