تہران : ( ویب ڈیسک ) ایرانی وزارت خارجہ نے تہران میں حماس کے سربراہ اسمعیل ہنیہ کی شہادت پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہانیہ کی شہادت تہران فلسطین تعلق کو مزید مضبوط کرے گی۔
تہران میں حماس کے رہنما کی شہادت کے بعد ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنانی نے بتایا کہ اسمٰعیل ہانیہ کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا، تہران میں اسماعیل ہانیہ کی شہادت تہران، فلسطین اور مزاحمت کے درمیان گہرے اور اٹوٹ بندھن کو مضبوط کرے گی۔
یاد رہے کہ آج فلسطین کے سابق وزیراعظم اور حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو ایران میں قاتلانہ حملے میں شہید کردیا گیا، حماس نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اسماعیل ہنیہ کو یہودی ایجنٹوں نے نشانہ بنایا جس کا بدلہ لیا جائے گا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حماس کے سربراہ پر تہران میں ان کی رہائش گاہ پر حملہ کیا گیا، وہ ایران کے نئے صدر مسعود پزشکیان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے ایران میں موجود تھے۔
مسعود پزشکیان کی حلف برداری کی تقریب میں 70 سے زائد ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔







































