نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں کرکٹ میچ کے دوران نوجوان باؤلر کو دل کا دورہ پڑا جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع کھرگون میں گزشتہ روز کرکٹ میچ کھیلتے ہوئے دل کا دورہ پڑنے سے 22 سالہ نوجوان فاسٹ باؤلر اندل سنگھ جادھو بنجارا جان کی بازی ہار گیا۔
دوستوں نے بتایا ہے کہ میچ میں باؤلنگ کے دوران اندل سنگھ جادھو بنجارا کو بے چینی محسوس ہوئی اور اُس نے سینے میں درد کی شکایت کی تھی جس کے بعد وہ ایک درخت کے نیچے بیٹھ گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیم کی جیت کے بعد اندل سنگھ نے ساتھی کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ اسے قریبی ہسپتال لے جائیں جہاں سے اسے دوسرے ہسپتال ریفر کیا گیا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
ہسپتال کے ڈاکٹر وکاس نے بتایا کہ بنجارا کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی، وہ ہسپتال لانے سے پہلے دم توڑ چکا تھا، لاش پوسٹ مارٹم کے بعد اس کے اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی۔







































