
وزارتِ داخلہ میں بڑی تبدیلی، سینئر بیوروکریٹ کی جگہ فوجی افسر ایڈیشنل سیکریٹری تعینات
حکومت نے وزارتِ داخلہ میں اہم انتظامی ردوبدل کرتے ہوئے سینئر بیوروکریٹ کی جگہ ایک حاضر سروس فوجی افسر کو ایڈیشنل سیکریٹری تعینات کردیا ہے، جسے ملک میں انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات میں سول و عسکری اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
حکومت نے پیر کے روز ایک حاضر سروس میجر جنرل کو وزارتِ داخلہ میں ایڈیشنل سیکریٹری کے اہم عہدے پر تعینات کردیا، یہ عہدہ روایتی طور پر سینئر سول افسران کے پاس ہوتا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ میجر جنرل نور ولی خان ایچ آئی (ایم) کو ایڈیشنل سیکریٹری (بی ایس-21) وزارتِ داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول ڈویژن تعینات کیا جاتا ہے، یہ تقرری سیکنڈمنٹ کی بنیاد پر تین سال کے لیے ہوگی، جو فوری طور پر نافذالعمل ہوگی اور اگلے احکامات تک برقرار رہے گی۔
یہ نوٹیفکیشن وزیرِاعظم آفس، ایوانِ صدر، کابینہ ڈویژن، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، وزارتِ داخلہ، وزارتِ دفاع اور دیگر متعلقہ محکموں کو ارسال کیا گیا ہے۔
جولائی میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزارت میں ایک حاضر سروس فوجی افسر کو شامل کرنے کے اپنے ارادے کا عندیہ دیا تھا۔
انہوں نے اس کی وجہ سول آرمڈ فورسز، جو وزارت کو رپورٹ کرتی ہیں اور فوج کے درمیان انسدادِ دہشت گردی کے آپریشنز میں مؤثر ہم آہنگی کو قرار دیا تھا۔
وزارتِ داخلہ کے انتظامی کنٹرول میں آنے والی نیم فوجی اور سول آرمڈ فورسز میں فرنٹیئر کور، رینجرز، پاکستان کوسٹ گارڈز، گلگت بلتستان اسکاوٹس اور حال ہی میں قائم کی گئی فیڈرل کنسٹیبلری شامل ہیں، یہ سب ملک بھر میں دہشت گردی اور بغاوت کے خلاف آپریشنز میں سرگرم ہیں۔
ذرائع کے مطابق میجر جنرل نور ولی خان اس سے قبل اہم عسکری اور انٹیلیجنس ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔
ان کے پیشرو پولیس سروس آف پاکستان (پی ایس پی) کے بی ایس-21 افسر سہیل حبیب تاجک کو ان کی ذمہ داریوں سے فارغ کرکے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، تاہم انہیں کوئی نیا قلمدان نہیں دیا گیا۔
ایک علیحدہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ سہیل حبیب تاجک، جو اس وقت ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول ڈویژن کے طور پر ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر خدمات انجام دے رہے ہیں، انہیں فوری طور پر اور اگلے احکامات تک اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سہیل حبیب تاجک ایڈیشنل سیکریٹری ایڈمنسٹریشن کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، جب کہ نذر محمد بزدار ایڈیشنل سیکریٹری انٹرنل اینڈ فارنرز سکیورٹی اور سلمان چوہدری ایڈیشنل سیکریٹری بارڈر مینجمنٹ کے عہدوں پر فائز ہیں۔
سینئر پی ایس پی افسر سہیل حبیب تاجک کو وزارتِ داخلہ کے اہم عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد کوئی نیا قلمدان نہیں دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میجر جنرل نور ولی خان کی تعیناتی کے بعد وزارت میں مزید ردوبدل متوقع ہے