نیویارک کے روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری کیلئے مقرر کردہ مالی مشیر مستعفیٰ
نیویارک کے روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے لیے مقرر کردہ مالی مشیر نے استعفیٰ دے دیا ہے، جس کے باعث نجکاری کمیشن کو ایک نئی کمپنی کی تلاش شروع کرنا پڑی ہے۔
دنیا کی معروف رئیل اسٹیٹ سروسز کمپنی جونز لینگ لاسالے (جے ایل ایل)، جو روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے لیے مالی مشیر کے طور پر کام کر رہی تھی، نے مفادات کے ممکنہ ٹکراؤ کو استعفے کی وجہ قرار دیا ہے۔
جے ایل ایل نے اس 1015 کمروں پر مشتمل تاریخی ہوٹل کے لیے مشترکہ منصوبے کا ماڈل تجویز کیا تھا اور نجکاری کمیشن کو باضابطہ طور پر اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔
نجکاری کمیشن نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ وہ فوری طور پر ایک نئے مالی مشیر کی خدمات حاصل کرنے کا عمل شروع کر رہا ہے تاکہ روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری شفاف اور مسابقتی انداز میں آگے بڑھ سکے۔
کمپنی نے بتایا کہ ہوٹل میں اس کے متعدد مؤکلوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور نیویارک سٹی کے ساتھ اس کا لیز معاہدہ ختم ہونے جیسے عوامل نے اسے ایک مشکل صورت حال سے دوچار کر دیا، جس کے باعث وہ اس اسائنمنٹ سے دستبردار ہو رہی ہے تاکہ کسی بھی حقیقی یا ممکنہ مفادات کے ٹکراؤ سے بچا جا سکے۔
جے ایل ایل کو جنوری 2024 میں مالی مشیر مقرر کیا گیا تھا تاکہ وہ حکومت کو روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے لیے رہنمائی فراہم کرے۔
کمپنی نے اب تک اس ہوٹل کی مکمل جانچ پڑتال کرلی تھی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق مختلف آپشنز کا تجزیہ کرتے ہوئے ٹرانزیکشن اسٹرکچر رپورٹس بھی جمع کرا دی تھیں۔
واضح رہے کہ روزویلٹ ہوٹل میں کاروباری سرگرمیاں 2020 میں کووڈ 19 وبا کے دوران ہونے والے مالی نقصانات کے باعث معطل کر دی گئی تھیں








































