
معصوم شہریوں کے ناحق خون کے آخری قطرے تک کا مکمل حساب لیا جائے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کے ناحق خون کے آخری قطرے تک کا مکمل حساب لیا جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 6 اور 7 مئی کی شب بھارت نے معصوم شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنایا یہ دہشت گردی نہیں تو اور کیا ہے، یہ معصوم بچے جنہوں نے ابھی زندگی کی بہاریں دیکھنی تھیں کیا یہ ہیں وہ دہشت گرد جن کو بھارت نے 6 اور 7 مئی کی شب نشانہ بنایا، اس کی آپ بھارت سے توقع کرسکتے ہیں، یہ ہم پہلے بھی دیکھ چکے ہیں کہ کس طرح بھارت اپنی پراکسیز کے ذریعے دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے، اور اس کے شواہد بھی دنیا کے سامنے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب ریاست پاکستان نے دہشت گردوں پر زمین تنگ کرنی شروع کی تو وہ خود اپنی فوج کے ساتھ دہشت گردی کی کارروائی پر اتر آیا، جو معصوم شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا، یہ دہشت گردی نہیں تو اور کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ثابت ہوچکا ہے کہ بین الملکی دہشت گردی اور قتل کی وارداتوں میں بھارت کس طرح ملوث ہے اور یہ بات دنیا کے سامنے شواہد کے ساتھ ثابت ہوچکی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی فوج نے پاکستان میں مختلف مقامات پر مساجد کو نشانہ بنایا اور قرآن پاک شہید کیے گئے، وہ کون سا مذہب ہے جو دوسرے مذاہب کی عبادت گاہوں اور ان کی مقدس کتابوں کو شہید اور بے حرمتی کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کی شہری آبادی پر بھارتی فورسز کے حملوں میں 31 شہری شہید اور 57 زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ شہادتوں میں اضافے کی ایک بڑی وجہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی افواج نے بھارتی جارحیت کے جواب میں فوجی اہداف کو چُنا نہ کہ بھارت کی طرح بچوں کو نشانہ بنایا اور یہ وہ فوجی اہداف تھے جن کا مقصد پاکستان کی خودمختاری اور اس کے شہریوں کو نشانہ بنانا تھا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستانی ایئرفورس کے طیاروں نے تین رافیل، ایک ایس یو 30 اور ایک مگ 29 تباہ کردیے اور ان طیاروں کو نشانہ بنایا گیا کہ جو ہتھیار ( میزائل ) گرا کر بھاگ رہے تھے ، ہمیں اپنی ایئرفورس پر فخر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے جس کا ہماری فوج بہت موثر طریقے سے جواب دے رہی ہیں، اور دشمن کی متعدد پوسٹوں کو تباہ بھی کیا جا چکا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اب تک کوئی پاکستانی سپاہی شہید نہیں ہوا اور نہ ہی ایئرفورس کے کسی طیارے کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حملے کا وقت بھی اہم ہے، یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب پاکستان عالمی میڈیا کو ان جگہوں پر لے جارہا تھا جن کے بارے میں بھارت نے الزامات لگائے تھے کہ یہاں ٹریننگ کیمپ ہیں اور یہاں سے دہشت گردی ہورہی ہے، اس سے پہلے کہ بھارتی الزامات غلط ثابت ہوتے اس نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب حملہ کردیا۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستانی حکومت نے مقامی اور عالمی میڈیا کو ان جگہوں کا دورہ کرایا ہے اور ان کی وساطت سے دنیا ان جگہوں کو دیکھ رہی ہے اور خود فیصلہ کررہی ہے کہ آیا یہ دہشت گردی کا مرکز تھیں اور کیا یہاں دہشت گردی کی ٹریننگ کے کوئی آثار تھے یا پھر یہ مساجد تھیں جنہیں بھارتی حملے میں شہید کیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب جب بھارت نے حملہ کیا تو اس وقت 57 پروازیں پاکستان کی فضائی حدود میں تھیں اور ان میں سوار سیکڑوں ہزاروں مسافروں کی زندگیوں کو بھی بھارت نے خطرے میں ڈال دیا، یہ پروازیں مختلف ممالک کی ایئرلائنز کی پروازیں تھیں۔
انہوں نےکہا کہ بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کو بھی گولہ باری سے نقصان پہنچایا، یہ اقدام جنیوا کنونشن کے آرٹیکل 54 اور 56 کی صریحاً خلاف ورزی تھی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آج قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں طے پایا ہے کہ اقوام متحدہ کے آرٹیکل 51 کے تحت پاکستان دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے مسلح افواج کو مکمل اختیار دیا ہے کہ وہ مناسب وقت، جگہ اور طریقے سے جواب دے۔
انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے اعلامیے میں یہ بتایا گیا ہے کہ آخر میں یہ کہنا چاہوں گا کہ قوم کو، افواج پاکستان پر اور افواج پاکستان کو اپنی بہادر قوم پر فخر ہے اور دونوں بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہماری امن کی شدید خواہش کو کبھی بھی کمزوری نہ سمجھا جائے، کیونکہ اپنے عوام کے تحفظ پر، اپنی زمین کے تحفظ پر افواج پاکستان کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید کہا کہ پوری پاکستانی قوم کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتاہوں کہ کس طرح اس بھارتی جارحیت پر وہ یکجا ہو کر نکلی اور یک زبان ہو کر بولی اور کس طرح افواج پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر اس کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ سب اپنے اردگرد، اپنے گلی محلوں میں، اپنے شہروں میں، اپنے گاؤں اس یگانگت کو، اس عزم اور اس غصے کو یقیناً محسوس کررہے ہوں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی غیور عوام کو پاکستان کی افواج یہ باور کروانا چاہتی ہے کہ معصوم شہریوں کے ناحق خون کے آخری قطرے تک کا مکمل حساب لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ رات، اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کرکے طبل جنگ بجادیا تھا۔
بھارتی حملے کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے گرائے اور ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا۔
بعد ازاں، بھارتی فوج نے ایل اوسی کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈ الہرا کر شکست تسلیم کرلی تھی