ظفروال ظفرمیں بجری سے بھرا ڈمپر موٹر سائیکل رکشہ پر الٹ گیا، حادثے میں 7بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 6بچے زخمی ہوگئے. ظفروال کے قصبہ مراڑہ سے موٹر سائیکل رکشے میں بچے سکول جا رہے تھے کہ بجری سے بھرا ڈمپر رکشہ پر الٹ گیا، حادثے میں4 بچے 3 بچیاں اور رکشہ ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے.
ذرائع کے مطابق جاں بحق بچوں کی عمریں 6سے 9سال کے درمیاں تھیں، جبکہ حادثے میں 6بچے زخمی ہوئے ہیں‘ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے لاشوں اور زخمیوں کورورل ہیلتھ سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے‘بتایا جارہا ہے رکشہ میں 13بچے سوار تھے،پولیس نے موقع پر پہنچ کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے.
دوسری جانب رحیم یار خان کے نزدیک قومی شاہراہ پر آئل ٹینکر الٹ گیا، موٹروے پولیس نے بروقت پہنچ کر جائے حادثہ کو بند کرکے امدادی سرگرمیاں شروع کردیں‘ترجمان موٹروے پولیس عمران شاہ کے مطابق رحیم یارخان کے نزدیک قومی شاہراہ پر الٹنے والا آئل ٹینکر 40ہزار لیٹر پٹرول لے جارہا تھا‘موٹروے پولیس اور ریسکیو ادارے بھی موقع پر پہنچ گئے اور جائے حادثہ کو حصار میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں.
ادھرکوئٹہ میں سونا خان چوک پر آئل ٹینکر اور ویگن میں تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں . کوئٹہ کے علاقے سونا خان چوک پر آئل ٹینکر اور ویگن میں تصادم کے بعد آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ویگن میں سوار 3 افراد جاں بحق ہوگئے. واقعہ کے بعد فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی جب کہ امدادی کارکنوں نے لاشوں کو ویگن سے باہر نکال کر ہسپتال منتقل کیا ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا تاہم مزید تحقیقات کی جارہی ہیں.









































