لاہور: وقار یونس کو کوچنگ کا عہدہ ملنے کا واضح امکان، سابق کپتان سڈنی سے لاہور پہنچ گئے، ماضی میں قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ رہنے والے وقار یونس نے قومی کرکٹ ٹیم کے باولنگ اور ہیڈ کوچ دونوں عہدوں کیلئے درخواست دے رکھی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق کپتان وقار یونس سڈنی سے لاہور پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وقار یونس کو قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کا عہدہ ملنے کا واضح امکان ہے۔ وقار یونس نے کچھ روز قبل ہی باولنگ اور ہیڈ کوچ کے عہدوں کیلئے پی سی بی کو درخواست دی تھی۔ اب ذرائع کا کہنا ہے کہ وقار یونس کو قومی کرکٹ ٹیم کا باولنگ کوچ بنائے جانے کا امکان ہے۔ جبکہ مصباح الحق ہیڈ کوچ کے امیدوار ہیں۔ مصباح الحق نے گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کی رکنیت سے مستعفی ہو کر ہیڈ کوچ کے عہدے کیلئے درخواست دی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2019ءمیں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد کوچنگ عملے کو فارغ کر دیا ہے اور اب نئے کوچنگ سٹاف کی تلاش جاری ہے،قومی ٹیم کے ہیڈ کو چ کی پوزیشن کے لیے سابق کپتان مصباح الحق اور سابق آسٹریلیوی بلے باز ڈین جونز سمیت کئی نامور شخصیات نے درخواستیں دے رکھی ہیں۔58 سالہ سابق آسٹریلین کرکٹر ڈین جونز نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کیلئے درخواست دینے کے بعد ٹوئٹر پر ایک ایسا پیغام جاری کیا ہے جس نے شائقین کرکٹ کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ ڈین جونز ہی پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ بننے جا رہے ہیں تاہم اس میں کتنی حقیقت ہے؟ اس کا اندازہ تو پی سی بی کے اعلان کیساتھ ہی ہو گا۔
ڈین جونز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا کہ ”اس ہفتے کے آخر میں ایک بڑی خبر کا اعلان ہونے جا رہا ہے“۔









































