جنید ریاض:لاہورسمیت پنجاب بھر کے تعلیمی ادارے تقریباً تین ماہ کے طویل عرصہ کے بعد دوبارہ کھل گئے،تعلیمی سرگرمیاں بحال ہونے پر طلباء میں خوشی کی لہر، طلباء پچاس فیصد حاضری اور کورونا ایس او پیز کے تحت سکول آئیں گے۔
شدید گرمی کے باوجود پنجاب بھر کے تعلیمی ادارے 83 دنوں کے بعد کھل گئے۔پہلے روز سکولوں میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا گیا جبکہ بغیر ماسک کسی بھی طالبعلم کو سکول داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔ کورونا وبا کے باعث 15 مارچ کو تعلیمی ادارے بند کیے گئے تھے۔تعلیمی سرگرمیاں ایک بار پھر سے بحال ہونے پر طلبا کا کہنا تھا کہ وہ گھر بیٹھے تنگ آچکے تھے۔ آن لائن سٹڈی فزیکل ایجوکیشن کا نعم البدل نہیں۔
اساتذہ نے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی اداروں کو پچاس فیصد حاضری کی بجائے سو فیصد حاضری کے تحت کھولا جائے۔ تاکہ طلبا امتحانات کی بہتر طریقے سے تیاری کرسکیں۔ سکولوں میں 18 جون کے بعد امتحانات کا سلسلہ بھی شروع ہو جائے گا جس کیلئےابھی سے طلباء کو تیاری شروع کروادی گئی ہے۔