
سیالکوٹ سے لندن کے لئے پی آئی اے کی ہفتہ وار پروازوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ لندن سے پہلی پرواز آج صبح مسافروں کو لیکر سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ پر پہنچی جہاں پرواز کو رن وے پر پانی کی توپوں کی سلامی دی گئی۔
بعد ازاں پرواز کے مسافروں کو وزیراعظم کے مشیر برائے امورِ نوجواناں عثمان ڈار، پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک اور سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ لمیٹڈ (سیال) کے چئیرمین ندیم انور ملک نے خوش آمدید کہا اور انھیں پھول پیش کئے۔
پرواز بدھ کی صبح 10 بجکر 15 منٹ پر سیالکوٹ سے مسافروں کو لیکر لندن کے لئے روانہ ہوئی۔اس موقع پر مسافروں نے پر جوش استقبال پر خوشی کا اظہار کیا اور سیالکوٹ سے لندن پروازیں شروع کرنے کو بہترین اقدام قرار دیا۔اس پہلی پرواز کے مسافروں کو خوش آمدید اور لندن جانے والے مسافروں کو الوداع کہنے کے لئے شہریوں کی بڑی تعداد بھی سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ پر موجود تھی۔