اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے یومِ دفاع منانے اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے پی ٹی سی ایل ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔
پی ٹی سی ایل نے ملک کی حفاظت کرتے ہوئے جان دینے والے شہداء میجر طارق اور لانس نائک رب نواز کے اہلِ خانہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی شعیب احمد صدیقی، سیکرٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونکیشن ڈویژن اور چیئرمین، پی ٹی سی ایل، بمع راشد خان، پریزیڈنٹ اور سی ای او، پی ٹی سی ایل، سیّد مظہر حُسین، چیف ہیومن ریسورس آفیسر، پی ٹی سی ایل، اور اعلیٰ افسران اور عملے کے ارکان نے پاکستان کی حفاظت کرتے ہوئے جان کا نذرانہ دینے والے سویلیَن اور مسلح افواج کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر شعیب احمد صدیقی، سیکرٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونکیشن ڈویژن اور چیئرمین، پی ٹی سی ایل نے کہا، ”مجھے فخر ہے کہ پی ٹی سی ایل نے اس اہم دن کی یاد میں ہمارے بیٹوں اور بیٹیوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ علاوہ ازیں، ہم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس تقریب کا مقصد اُن کے حقِ آزادی کی کوششوں میں ہماری بھرپور حمایت کا اعادہ کرنا ہے۔
“
اس موقع پر راشد خان، پریزیڈنٹ اور سی ای او، پی ٹی سی ایل نے کہا، ” ہماری دھرتی کی حفاظت کے لیے جان قربان کرنے والے شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہونا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ اُن کی بے غرض قربانیوں، عزمِ غیر متزلزل اور مُلک کے لیے وفاداری کی بدولت ہی آج ہم عزت اور فخر کے ساتھ جی رہے ہیں۔ ہم کشمیری بھائیوں کیساتھ ہیں اور آج کی یہ تقریب آگاہی اور انکے ساتھ یکجہتی دکھانے کی ایک چھوٹی سے کوشش ہیں۔
“
تقریب کے بعد پی ٹی سی ایل نے کشمیر کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک خصوصی واک کا انعقاد کیا جس میں انتظامیہ اور ایمپلائیز نے جوش و جذبے کے ساتھ کشمیر کی حمایت میں بینرز اُٹھا کر شرکت کی۔
ایک قومی کمپنی ہونے کی حیثیت سے پی ٹی سی ایل مسلح افواج اور پاکستانی اور کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔









































