لبنان کے ایک پائلٹ نے مسافر خاتون کو اس وقت ناقابل فراموش سرپرائز دیا جب اس نے ٹیک آف سے کچھ دیر قبل سب کے سامنے اسے شادی کی پیشکش کی۔
مڈل ایسٹ ائیر لائنز کے کیپٹن ابراہیم خطیب نے مسافروں کے لیے کاکپٹ میں موجود اناؤنسمنٹ سسٹم پر خاتون، جن سے وہ محبت کرتے تھے، ان سے اپنی محبت کا اظہار کیا جس کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد وائرل ہوگئی۔
لبنانی خاتون کو یہ توقع ہرگز نہیں تھی کہ جب وہ جہاز میں بیٹھیں گی تب انہیں زندگی کے سب سے یادگار لمحے کا تجربہ کرنے کو ملے گا، ہوا کچھ یوں کہ جب خاتون طیارےکے ٹیک آف کا انتظار کر رہی ہوتی ہیں تو کیپٹن نے لاؤڈ اسپیکر کھولا اور سب کو اپنی جانب متوجہ کیا۔
ابراہیم خطیب نے تمام مسافروں کو مخاطب کیا اور کہا کہ ‘آج میں طیارے میں بہت ہی خاص مسافر کو خوش آمدید کہتا ہوں، ان کا نام شرین الحاج ہے ، کیا آپ کھڑی ہوسکتی ہیں؟’
اپنا نام سنتے ہی خاتون ششدر رہ گئیں اور شرم سے چہرہ چھپا لیا، جب وہ کھڑی ہوئیں تو پائلٹ نے اعلان جاری رکھا اور کہا ‘245 مسافروں کے سامنے میں آپ کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ مجھے آپ سے محبت ہے، اور میں نے آپ کے ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا ہے’۔
بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا ‘میں آپ سے مشہورِ زمانہ سوال کروں گا، کیا آپ مجھ سے شادی کریں گی؟’
ابراہیم خطیب اعلان ختم کرکے اپنی سیٹ سے اٹھ کر مسافروں میں آتے ہیں اور شرین الحاج کو گلے لگاتے ہوئے انگوٹھی نکال کر خاتون کی انگلی میں پہنا دیتے ہیں۔
تاہم یہ سن کر تمام مسافر تالیاں بجاتے ہیں اور مبارکباد پیش کرتے ہیں، بہت سے مسافر ویڈیوز بھی بناتے دکھائی دیے، تاہم شرین نے ابراہیم کو شادی کے لیے ہاں کردی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابراہیم اور شرین اچھے دوست ہیں جو ایک دوسرے جو کئی عرصے سے جانتے ہیں۔








































