لاہور پاکستان کرکٹ بورڈ سری لنکن حکومت کے ملک میں ٹیسٹ میچ نہ کھیلنے فیصلے پر حیران ہے، پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے سری لنکن کرکٹ حکام سے رابطہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کی احسان مانی نے اپنے تحفظات سے سری لنکن بورڈ حکام کو آگاہ کردیا ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو صدارتی سطح کی سکیورٹی دینے کی یقین دہانی کے باوجود انکار سمجھ سے باہر ہے۔
پی سی بی اس ماہ کے آخر میں اے سی سی کے اجلاس میں معاملہ اٹھائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے وزیر کھیل کا ٹیسٹ بورڈز کے درمیان بات چیت کے سلسلے کے دوران کا بیان حیران کن تھا۔ سری لنکن بورڈ نے سکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ سیریز کے دو شیڈولز پر بات چیت کا سلسلہ جاری تھا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کا کہنا ہے کہ سیریز کا میزبان پاکستان ہے تو اعلان سری لنکا کیسے کر سکتا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے سیریز کے حوالے سے باضابطہ لائحہ عمل کا اعلان اگلے ہفتے متوقع ہے۔خیال رہے کہ سری لنکن کے وزیرکھیل نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم رواں سال کے آخری میں ٹیسٹ سیریز کے بجائے مختصر دورانیے کے تین میچز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔










































