
لاہورمسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اگر نواز شریف کو کچھ ہوا تو مجرم عمران خان ہوں گے۔ انہوں نے سابق وزیراعظم اور پارٹی کے تاحیات قائد نواز شریف کی صحت کو لاحق خطرات کو نظرانداز کرنے کی مذمت اور احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو دل، ذیابیطس اور گردوں کے علاوہ متعدد امراض کا سامنا ہے۔
انہیں 24 گھنٹے خصوصی طبی توجہ کی ضرورت ہے لیکن جان بوجھ کر لاپرواہی اور غفلت برتی جارہی ہے، ان کے علاج میں غفلت کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی صحت کے لئے معالج اپنی تشویش سے متعلقہ حکام کو مسلسل آگاہ کررہے ہیں۔ نوازشریف کے معالج نے چیف سیکریٹری پنجاب کو خط بھی لکھا جس میں حکومت کو نواز شریف کی صحت سے متعلق صورتحال پر ایک مرتبہ پھر سے اپنی تشویش سے آگاہ کیا ۔