
راولپنڈی:وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کابینہ کے فیصلوں پر ہر بات کرنا فواد چوہدری کا کام نہیں ہے
کابینہ کے فیصلوں پر بات کرنا وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کام ہے۔ ان خیالات کا اظہار شیخ رشید احمد نے راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم مولانا فضل الرحمان کو سمجھا لیں گے۔ آصف علی زرداری کو مارنے کی کوئی کیوں کوشش کرے گا، وہ خود ہی بیچارہ مرا جارہا ہے وہ آخری پانچ اوور میں ہے، اس کو دوائی شوائی دینی چاہیئے ایسا کیا مسئلہ ہے۔
پیسے دے دیں تو ان کو چھوڑ دینا چاہیئے، میں کابینہ میں برا بنا ہوں اور لوگوں نے میرا مذاق اڑایا ہے ، میں نے کہا ان سے تھوڑے بہت پیسے لے لو ان کا خیال ہے کہ کفنوں میں جیبیں ہوں گی اس میں بینکوں کی چیک بکیں لے جائیں گے۔ یہ چھوٹے چھوٹے پدی پدی کے شوربے جنہوں نے 10، 10 حکمرانیاں کی ہیں ، اپنے بینک اکائونٹس بھرے اور منی لانڈرنگ کی۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ جب تک کشمیر کا مسئلہ ہے میں اور ذاتی سیاست نہیں کروں گا۔ میں عمران خان کے ساتھ ہوں وہ جو بھی فیصلہ کریں گے پھر بھی میں ان کے ساتھ رہوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے فواد چوہدری کا بیان پڑھا ہے میں کابینہ کے فیصلوں پر باہر بات نہیں کرتا۔ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کے فیصلوں پر بات کرنا وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کام ہے۔