
اگر مریم نواز لندن پہنچیں گی تو ملک واپس آ سکوں گا۔ شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو آگاہ کر دیا
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنی فوری وطن واپسی کو مریم نوا زکی لندن روانگی سے مشروط کر دیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماؤں سے رابطہ کیا اور انہیں عندیہ دیا کہ وہ فوری طور پر وطن واپس نہیں آ رہے۔ذرائع کے مطابق انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کو موجودہ حالت میں اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔
اگر مریم نواز لندن پہنچیں گی تو وہ ملک واپس آ سکیں گے۔اطلاعات کے مطابق انہوں نے سینئر رہنماؤں کو بتایا ہے کہ وہ نواز شریف کی صحتیابی تک وطن واپس نہیں آ سکتے۔انہوں نے کہا کہ جماعت امور چلانے کے لیے شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال موجود ہیں وہ چاہتے ہیں کہ مریم نواز جلد لندن آ جائیں گے۔
جب کہ دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف نے لیگی رہنما احسن اقبال اور شاہد خاقان عباسی کو اپنے بیانیے سے آگاہ کر دیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے تاحیات قائداور سابق وزیراعظم نوازشریف نے حال ہی میں جیل سے رہا ہونے والے سابق وزیرداخلہ احسن اقبال اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔سابق وزیراعظم نے انہیں ضمانت ملنے پر مبارکباد دی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف نے کہا میں سچ کا ساتھ دینے کیلئے ڈٹے رہنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔
نواز شریف نے انہیں اپنے بیانیے سے آگاہ کیا۔اور ہدایت کی کہ کسی کے دباؤ میں آئے بغیر حق و سچ کے ساتھ ڈٹے رہیں۔احسن اقبال نے حوصلہ بڑھانے پر نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔خیال رہے کہ احسن اقبال کو دو روز قبل ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔انہیں نارووال سپورٹس سٹی کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔ قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا پاسپورٹ ضبط کر لیا ۔
نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کو جمعہ کو قومی احتساب بیورو کے دفتر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔ نیب حکام نے لگی رہنما کا پاسپورٹ قبضے میں لے کر ان کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق احسن اقبال نے بیرون ملک سفر نہ کرنے کا بیان حلفی بھی دے دیا ہے۔