گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارتی ریاست اتر پردیش اور مشرقی راجستھان میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث38 افراد ہلاک ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ راجستھان میں واقع 12ویں صدی میں تعمیر کردہ ’آمیر قلعہ‘ پر تصویر بناتے ہوئے 11 افراد پر بجلی گری جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ اسی ریاست میں علیحدہ واقعات پیش آنے کی وجہ سے 9 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
حکومتی ترجمان کے مطابق ریاست اتر پردیش میں آسمانی بجلی کی زد میں آکر 18 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جن میں بیشتر افراد کا تعلق مزدور طبقے سے تھا۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کےلیے مزید آسمانی بجلی گرنے سے متعلق عوام کو خبردار کردیا ہے۔
حکومتی رپورٹس کے مطابق سال 2019 میں آسمانی بجلی کے باعث تقریباً 3 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے دونوں ریاستوں کے متاثرین کے اہل خانہ کو 5 لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔