
لاہور:خواجہ سرا ایک ایسا لفظ ہے کہ اس کے کانوں میں پڑتے ہی جسم کا رواں رواں کھڑا ہو جاتا ہے۔ایسے جیسے کسی حرام یا ناقابل برداشت چیز ہو جبکہ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہے صرف ہمارے دماغ کا فتور ہے۔خواجہ سراؤں کے ساتھ دنیا بھر میں تضحیک آمیز سلوک کیا جاتا ہے۔حال ہی میں امریکہ میں ایک ایساواقعہ پیش آیا جس نے انسانی حقوق کی تنظیموں کے لیے سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
امریکا کی ریاست لاس اینجلس میں خواجہ سراؤں کو ’بار‘ سے جبراً باہر نکالنے کا معاملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔برطانوی خبررساں ادارے دی انڈیپنڈنٹ میں شائع رپورٹ کے مطابق خواجہ سراؤں کا ایک گروپ مقامی پریڈ میں شمولیت کے بعد مقامی بار میں اپنے دیگر مرد دوستوں اور ہم جنس پرستوں کے ہمراہ جشن منارہا تھا کہ اس دوران سیکیورٹی عملہ آیا اور ان کو گھسیٹتے ہوئے باہر لے گیا۔
مذکورہ معاملہ اس وقت پولیس کی توجہ کا مرکز بنا جب فیس بک کے ایک صارف نے اپنے پیج پر ویڈیو اپ لوڈ کی اور ساتھ ہی لکھا کہ ’خواجہ سراؤں کے برابر میں موجود ایک جوڑا جنس پرستانہ جملے اور موت کی دھمکی دے رہا تھا جس کے بعد سارا جھگڑا شروع ہوا‘۔صارف نے لکھا کہ ’بار کے سیکیورٹی عملے نے نازیبا جملے اور موت کی دھمکی دینے والے جوڑے کے خلاف اپنی طاقت کا مظاہرہ نہیں کیا جو خواجہ سراؤں کی مسلسل توہین کررہا تھا‘۔
ایک موقع پر سیکیورٹی اہلکار خاتون کو گھسیٹتے ہوئے باہر لے کر جارہا ہے جبکہ وہ پوچھ رہی ہیں کہ کیا ہوا۔دوسری جانب امریکن سول لبرٹیز یونین کے مطابق امریکا میں خواجہ سراؤں کے خلاف پرتشدد واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ویڈیو کے ایک حصہ میں سیکیورٹی عملے کو ایک فرد جینیفر بیانچی کے ساتھ تضحیک آمیز رویہ اختیار کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
جینیفر بیانچی نے سیکیورٹی عملے کے اہلکار سے التجا کی کہ ان کے جوتے ٹیبل کے پاس ہیں، جس کے بعد انہیں انتہائی بے دردی سے بار سے باہر کردیا گیا۔علاوہ ازیں انہوں نے دی گارجین کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ’یہ بہت صدمے کا باعث ہے اور یہ میرے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے‘۔ان کا کہنا تھا کہ بار میں موجود ایک جوڑا ان کے گروپ کی توہین کررہا تھا لیکن ہمیں کیوں دھکے دے کر باہر نکالا گیا جبکہ انہوں نے ہماری زندگی خطرے میں ڈال دی تھیں‘۔ایک خواجہ سرا نے بتایا کہ بار میں ایک شخص نے خواجہ سرا خاتون کو تھپڑ مارا تھا جبکہ ’توہین کرنے والے شخص نے کہا کہ واپس آکر تم سب کو گولی ماردوں گا‘، بعد ازاں پولیس نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔