اسلام آباد جرمن لانگ رینج میری ٹائم پٹرول ایئر کرافٹ پی تھری سی (پی تھری سی) نے پاک بحریہ کی نیول ایئر بیس مہران کا دورہ کیا، پی این ایس مہران پہنچنے پر جرمن عملے کا پر تپاک استقبال کیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کی طرف سے ہفتے کو جاری بیان کے مطابق جرمن لانگ رینج میری ٹائم پٹرول ایئر کرافٹ تین روزہ دورے پر مہران ایئر بیس پہنچا ،اس دوران باہمی دلچسپی اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دورے کے پروگرام میں سرچ اینڈ ریسکیو، اینٹی سب میرین وارفیئر اور دیگر میری ٹائم آپریشنز پر ڈسکشنز شامل تھیں۔دورے کے دوران جرمن جہاز کے عملے نے پاک بحریہ کی اہم تنصیبات کا دورہ بھی کیا۔جرمن جہاز کے دورہ خیر سگالی سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔










































