پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں اضافہ نواز شریف کی مرضی سے ہوا ورنہ مفتاح اسماعیل کی کیا مجال جو وہ کسی فیصلے سے انحراف کر سکے ، شرم کی بات ہے پاکستان کے فیصلے لندن میں ہوتے ہیں ۔
نجی ٹی وی “دنیا نیوز “سے گفتگو کرتے اسد عمر نے کہا کہ لانگ مارچ کیلئے عوام کی طاقت چاہئے جو عمران خان کے پاس ہے ، عمران خان گیم جیتنے کیلئے نہیں بلکہ گیم بدلنے کیلئے آئے ہیں ، عمران خان پاکستان کی روایتی سیاست کو بدل دیں گے ، پاکستان میں سیاسی اور معاشی بحران کا واحد حل عام انتخابات کا اعلان ہے ، حکومت کےساتھ بیٹھنے کا واحد ایجنڈا انتخابات کی تیاریاں اور الیکشن کمیشن پر بات چیت ہے ۔
سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ لگتا یہی ہے کہ نواز شریف وطن واپس آئیں گے ، ان کو بہت پہلے آجانا چاہئے تھا ، نواز شریف کے ضمانتی شہباز شریف کو سزا ملنی چاہئے ، ہمیں نواز شریف کی واپسی سے نہ ڈرایا جائے ، نواز اور عمران خان کا انتخابات میں مقابلہ کرا کر دیکھ لیں ، عمران خان دو تہائی اکثریت حاصل کر لیں گے ۔
شہباز گل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کاکہنا تھا کہ شہباز گل کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنے بیان پر جواب دیں ، شہباز گل کا بیان ان کا ذاتی ہے ، پاکستان تحریک انصاف کی پارٹی پالیسی نہیں ہے ، پی ٹی آئی کی قیادت شہباز گل سے ملاقات کیلئے چھ گھنٹے تک بیٹھی رہی مگر انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی ۔ شہباز گل اپنے بیان سے زیاد عمران خان کے خلاف بیان نہ دینے پر مشکلات کا شکار ہیں ۔









































