
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور ماہر معاشیات مزمل اسلم نے کہا کہ اگر اکتوبر میں پٹرول پر سیلز ٹیکس لگتا ہے تو فی لیٹر پٹرول کی قیمت میں 30 روپے اضافہ ہو سکتا ہے ۔
سابق وزیر خزانہ اور سینیٹر شوکت ترین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزمل اسلم نے کہا کہ آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں ذکر کیا کہ ان کا پی ٹی آئی حکومت سے کیا اختلاف ہے ، نمبر ایک یہ کہ آپ نے پٹرول اور بجلی پر پانچ پانچ روپے سبسڈی کیوں دی ، دوسر ایہ کہ انڈسٹری مالکان کو ایمنسٹی کیوں دی ، تیسرا آپ نے مارچ میں یا فروری میں دس فیصد سرکاری ملازمین کی تنخواہیں کیوں بڑھائیں ، یہ وہ چیزیں ہیں جو عوام کو چاہئے تھیں جو پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیں لیکن اس حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ جو معاملہ طے کیا وہ آج کے اخبارات میں موجود ہے ، انہوں نے آئی ایم ایف کو کہا کہ اگر ہمیں کبھی لگا کہ ہم ٹیکسز وصول نہیں کر سکے تو فوری پٹرول پر ٹیکسز لگا دیں گے ۔