
گزشتہ روز دلی میں مسلم کش فسادات کے نتیجے میں 20 افراد کے جاں بحق ہونے پر جہاں دیگر فنکاروں نے سوشل میڈیا پر بھرپور آواز اٹھائی اور بھارتی سوشل میڈیا مسلمانوں پر انتہا پسندوں کی جانب سے کیے جانے والے بہیمانہ تشدد کی ویڈیوز سے بھرا رہا
کراچی: بالی ووڈپر حکمرانی کرنے والے تینوں خانز سلمان ، شاہ رخ اور عامر خان کی دلی میں ہونے والے مسلمکش فسادات اوربے گناہ مسلمانوں کے قتل عام پر خاموشی سے ثابت ہوتا ہے کہ کروڑوں مسلمانوں کے دلوںپر راج کرنے والے ان خانز کے لیے ان کا کیریئر مسلمانوں کے خون سے زیادہ عزیز ہے۔
بھارت کی مسلم مخالف حکمراں جماعت بی جے پی کی جانب سے نافذ کیے جانے والے متنازع شہریت کے قانون کے باعث پورا بھارت جل اٹھا ہے۔ بھارت کی ہرریاست سے اس مسلم مخالف قانون کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں اور بھارتی اپنی ہی حکومت پر مسلم دشمنی والے قانون کے نفاذ پر لعن طعن کررہے ہیں۔ٕ
بالی ووڈ بھی بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کے لیے اٹھ کھڑا ہوا ہے، انوراگ کیشپ، سوارا بھاسکر، جاوید جعفری اور ایشا گپتا سمیت متعدد فنکار اس قانون پر کھل کر تنقید کررہے ہیں۔ لیکن جو آوازیں سب سے زیادہ اثر رکھتی ہیں اور واقعی کچھ کرنے کی طاقت رکھتی ہیں وہ مکمل خاموش ہیں۔
شاہ رخ خان، سلمان خان اورعامر خان کا شمار بالی ووڈ کے سب سے بااثر اداکاروں میں ہوتا ہے جن کے چاہنے والے بھارت سمیت دنیا بھر میں موجود ہیں۔ لیکن دلی میں حال ہی میں ہونے والے مسلم کش فسادات کے نتیجے میں 20 افراد کے جاں بحق ہونے پر ان اداکاروں کی خاموشی نہ صرف معنی خیز ہے بلکہ ان کی بے حسی کو بھی ظاہر کرتی ہے۔