
کراچی :حکومت سندھ کے سیکڑوں ملازمین برسوں سے غیر حاضر ہیں ، چیف سیکریٹری سید ممتاز شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ مستقبل میں اس عمل کو روکنے کے لیے لازمی طور پر ضروری اقدامات کرے گی
حکومت سندھ کے سیکڑوں ملازمین بڑے عرصے سے اپنی ڈیوٹی سے غائب ہیں، ان میں بعض کی غیر حاضری کو 10 سال کا عرصہ گزر چکا ہے۔بیوروکریسی کے کرپٹ عناصر کی مدد سے ڈیوٹی سے غائب ملازمین تاحال سرکاری ملازمتوں پر نہ صرف برقرار ہیں لیکن بدستور تنخواہیں اور دیگر مراعات بھی حاصل کر رہے ہیں، ایسے ملازمین میں گریڈ 17 سے 19گریڈ کے ڈاکٹرز اور اسسٹنٹ پروفیسرز بھی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق برسوں سے اپنی ڈیوٹیوں سے غیر حاضر ایسے ملازمین کی اکثریت کا تعلق محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم سے ہے،
غیر حاضر ملازمین کی اکثریت نے اپنے محکموں سے ایک مخصوص مدت کیلیے چھٹیاں منظور کرائیں اور بڑے عرصے کیلیے غائب ایسے ملازمین میں شامل کئی ڈاکٹرز اور پروفیسرز چھٹیاں لے کر بیرون ملک روانہ ہوگئے اور وہاں دوسری ملازمت شروع کردی، بڑے عرصے سے غائب یہ ملازمین متعلقہ محکموں کے کرپٹ ملازمین کے توسط سے اپنی فائلوں کو مسلسل کسی کارروائی سے بچاتے رہے۔ذرائع کے مطابق مذکورہ عمل کا علم جب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ہوا تو انھوں نے ایسے ملازمین کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جس کے باعث برسوں کی تاخیر کے بعد متعلقہ محکموں نے ایسے ملازمین کے خلاف رسمی کارروائی کا آغاز کردیا ہے اور انھیں شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے ہیں